• news

پاکستان میں کسی سیاسی جماعت نہیں صرف قانو ن کی حکمرانی کی تا ئید کرتے ہیں : امریکہ 


واشنگٹن (این این آئی+ آئی این پی) امریکہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی برطرفی میں واشنگٹن کے ملوث ہونے کے ان کے الزامات کی ایک بار پھر تردید کر دی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ  ٹونی بلنکن اور پاکستان کے ان کے ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گزشتہ ہفتے بات ہوئی ہے ۔ سکرٹری بلنکن نے افغانستان میں استحکام اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے معاشی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، توانائی، صحت اور تعلیم جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  نیڈ پرائس سے پوچھا گیا کہ چونکہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اس وقت امریکہ میں موجود ہیں تو کیا ان کی وزیر خارجہ بلنکن یا محکمہ خارجہ کے دیگر حکام سے ملاقات ہونے والی ہے؟۔ اس کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا، میں آپ کو پاکستانی حکام سے رجوع کرنے کا مشورہ دوں گا تاکہ وہ آپ کو ان کے شیڈول کے بارے میں بتا سکیں لیکن میں ان کی وزیر خارجہ بلنکن سے ملاقات کے بارے میں آگاہ نہیں ہوں۔ امریکہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کی نہیں صرف قانون کی حکمرانی کے اصولوں کی تائید کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن