برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن غیر آئینی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی اور رکن پنجاب اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی، پنجاب میں برطانیہ کے نمائندے ایلکس بالنگر اور سیاسی مشیر برطانوی ہائی کمشن لاہور آفس طلال رضا بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 16اپریل 2022 کا وزیراعلی پنجاب کا الیکشن غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، اسے مسترد کرتے ہیں، ن لیگ نے کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالاہے۔ سپیکر نے برطانوی ہا ئی کمشنرکو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ورکنگ سے بھی آگاہ کیا۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان، لائبریری اور دیگر شعبہ جات اور پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کرایا۔ ترجمان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ کے لیے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ آپ نے خاص طور پر اقلیتوں کیلئے بے شمار اچھے کام کیے اور اصلاحات کیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے چیئرمین ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اوورسیز پاکستانی چودھری گلزار نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں سپکر آفس میں ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی سب کیلئے مقدم ہے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں انہی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوتی ہے، چوہدری گلزار نے کہا کہ ایشیا کی سب سے بڑی اور خوبصورت اسمبلی بنانے پر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔