تھیلیسیمیا سے بچنے کا واحد طریقہ شادی سے بلڈ سکریننگ ہے:سیمینار
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)پنجاب کالج فار بوائز کے کانفرنس ہال میں تھیلیسیمیاآگاہی سیمینار کا انعقاد ہواجس کا اہتمام پنجاب تھیلیسیمیااینڈجنیٹک ڈس آرڈر پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کیا۔ مقررین نے تھیلیسیمیا کو ایک مہلک بیماری قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اس سے بچنے کا واحد حل یہی ہے کہ شادی سے پہلے دونوں افراد کی تھیلیسیمیاخون کی سکریننگ کروائی جائے۔تاکہ مستقبل میں دنیا میں آنے والے بچے کو اس مہلک بیماری سے بچایا جا سکے۔سیمینار سے ریجنل کوآرڈینیٹر پی ٹی جی ڈی بابر فہیم، ڈاکٹر عائشہ حمید اور ڈاکٹر حناء جاویدنے خطاب کیا۔اس موقع پر پرنسپل پنجاب کالج محمد سلمان اور ڈین یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب شاہد سلیم خواجہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔مقررین نے کہا کہ اگر میاں بیوی میں سے کسی ایک کو تھیلیسیمیاموجود ہے تو بچے کو مائنر تھیلیسیمیاہو گا۔لیکن اگر دونوں میاں بیوی کو تھیلیسیمیاہے تو بچے کو مہلک تھیلیسیمیاہوجائے گا جو کہ ناقابل علاج ہے۔مقررین نے کہاکہ ہمارا عزم تھیلیسمیا فری پنجاب ہے۔ڈائریکٹر پنجاب کالجز گوجرانوالہ محمد شہزاد رفیق نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ نئی نسل کو تھیلیسیمیاسے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اس کے تدارک کے لئے ہر ایک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔