ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز‘ 50 کرکٹرز طلب‘سینئرز کو آرام دینے پر غور
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی ہوم سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 50 سے زائد کھلاڑیوں کو طلب کرلیا۔ 25 کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جس کے بعد کھلاڑیوں کے فٹنس لیول اور پرفارمنس پر انہیں سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 15 سے 25 مئی جبکہ سکواڈ کا حتمی اعلان 27 سے 29 مئی کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔ ون ڈے سیریز میں چند کھلاڑیوں کو آرام دینے یا نہ دینے سے متعلق ٹیم مینجمنٹ نے سر جوڑ لیے ہیں۔شاہین آفریدی ‘ حارث رؤف اور محمد رضوان کو آرام دیا جاسکتا ہے۔ شاہنواز دہانی سمیت دیگر کھلاڑیوں کو موقع مل سکتا ہے۔ کھلاڑیوں کو آرام دینا کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائیگا۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔