• news

طب میں نر سوں کا کر دار کلیدی ، کرونا کی جنگ میں قر با نیاں دیں : شہباز شریف


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیسلے کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز وقار احمد اور جنرل منیجر عبداللہ جاوید نے ملاقات کی جس میں نیسلے پاکستان نے افغانستان میں سیلاب زدگان کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر امدادی اشیاء پہنچانے کے اقدام پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نیسلے واٹر کی طرف سے  60ہزار لیٹر پینے کا پانی افغانستان میں حالیہ سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کیا گیا۔ عطیہ شدہ پینے کا صاف پانی سیلاب زدگان کو موذی بیماریوں سے بچائو میں مدد فراہم کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیسلے کی طرف سے اس فلاحی کام کو قابل تحسین قرار دیا۔جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے نرسز کے عالمی دن پر دنیا بھر میں نرسنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کو خراج تحسین  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمات پر دنیا بھر خاص طور پر پاکستان کی نرسز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نرسز انسانیت کی خدمت کا بہت بڑا شعبہ ہے، کرونا وبا میں نرسز نے ڈاکٹرز کے ہمراہ جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے قابل قدر خدمات انجام دیں۔ ان کاکہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ نرسز نے بھی اپنی جانوں کی قربانی دے کر کرونا کی جنگ لڑی، پاکستان میں نرسز نے شاندار خدمات انجام دی ہیں جو تاریخ کا سنہری اور قابل فخر باب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی دنیا کی 100بہترین نرسز اینڈ مڈوائف لیڈرز کی درجہ بندی میں 10 پاکستانی خواتین کا سرفہرست ہونا ان کی خدمات کا عالمی اعتراف ہے،  طب کے شعبے میں خدمات کی فراہمی میں نرسز کا کردار بہت بنیادی اور کلیدی ہے۔ نرسنگ کے شعبے سے وابستہ خواتین اور مرد حضرات کو بہتر سہولیات اور معاوضوں کی ادائیگیوں کو بہتربنانے کی ضرورت ہے۔ تعلیم وتربیت کا معیار مزید بڑھانے، معاوضوں کو مناسب بنانے کے لئے اصلاحات کریں گے۔ خبرنگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سینئر سیاستدان اور پارلیمنٹیرین مخدوم جاوید ہاشمی کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی ایک مخلص بھائی اور ملک اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، اللہ تعالی انہیں جلد صحت یاب کرے۔ 

ای پیپر-دی نیشن