خطر ناک چیلنجز کیخلاف فار میشنز کی آپریشنل تیاری قا بل تعریف ، جنرل باجوہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں میں وار گیم سیشن میں شرکت کی جس کا مقصد فارمیشن کی منصوبہ بندی کی تطہیر یا کرسٹلائزیشن تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی عسکری مہارتوں کا بھی مشاہدہ کیا جن میں مشقوں کے جدید طریقہ کار اور نئی حاصل کردہ ٹیکنالوجیز پر مشتمل مہارتیں بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے وار گیم سیشن میں سینٹرل کمانڈ کی سٹرائیک فارمیشنز کی منصوبہ بندی کے عمل اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے حصہ لینے والے فوجیوں کے مجموعی تربیتی جذبے اور مہارت کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دنیا بھر میں جاری تنازعات سے سبق سیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ابھرتے ہوئے خطرناک چینلجز کے خلاف فارمیشنز کی مجموعی آپریشنل تیاری قابل تعریف ہے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی کھاریاں آمد پر کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے ان کا استقبال کیا۔