• news

کراچی میں بم دھماکہ ، ایک شخص جاں بحق ، 13زخمی، متعدد گاڑیاں تباہ 


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے مصروف ترین کاروباری مرکز صدر میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے نزدیک ہونے والے دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکا صدر کے مصروف ترین علاقے میں واقع یونائٹڈ بیکری کے نزدیک پاکستان کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے پاس ہوا۔ پولیس اور امدادی کارکنان نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم بھی دھماکے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دھماکے سے کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں تباہ جب کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا اس بابت کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھماکے کے مقام کو سیل کرکے شواہد جمع کرنے شروع کردیئے ہیں، تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلی سندھ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 13 کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ای ڈی (امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس) موٹرسائیکل میں نصب تھی۔ وفاقی وزیرپیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے مجرمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ شہر کا امن تباہ کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن