• news

ٹیکسٹ بک بورڈ کا مراسلہ واپس ، ناموس رسالت پر جان بھی قربان :      حمزہ شہباز شریف


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے 26اپریل 2022 کو پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ کی جانب سے جاری  مراسلے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع انکوائری کر کے حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ جس کسی نے بھی ایسا مراسلہ جاری کیا ہے وہ قانون کے مطابق سخت سزا کا حقدار ہے۔ ناموس رسالتؐ  پر جان بھی قربان ہے اور یہ مراسلہ جاری کرنے والے ذمہ دار قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی ہدایت پر پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ کی جانب سے تحریک انصاف کے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں جاری کردہ مراسلہ فوری طورپر واپس لے لیا گیا ہے۔ کلاس نویں کی اسلامیات و سیر ت النبیؐ  کی  تعلیمات پر عمل روکنے کی خبر حقائق سے منافی ہے۔ کلاس نویں کی اسلامیات و سیرت النبی ؐ کی تعلیمات پر عمل جاری رہے گا اور کلاس نویں کی  اسلامیات اور سیرت النبیؐ  کی تعلیمات سے متعلق کتابوں کی اشاعت جاری رہے گی۔ ہماری حکومت کی جانب سے نہ کوئی ایسا مراسلہ جاری کیا گیا اور نہ ہی کلاس نویں کی اسلامیات و سیرت النبیؐ  کی تعلیمات کو روکا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 26اپریل 2022 کو پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار تھے جبکہ حمزہ شہباز نے 30اپریل کو وزارت اعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھایا۔ مراسلے کو موجودہ صوبائی حکومت سے منسلک کرنا حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن