iجماعت اسلامی سود سے پاک نظام کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے: احسان اللہ عثمانی
کامونکی(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی اسلامی نظام کے نفاذ اور سود سے پاک نظام کے رائج کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے،کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کی گئی ریاست میں اسلامی نظام کا نفاذ انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ 73 سالوں سے ہم غلامی،محکومی اور اغیار کے قوانین پر ریاست کو چلا رہے ہیں یہی وجہ ہے ہم قرضوں کے بوجھ، معاشی مسائل، ذہنی تناؤ کا شکار ہو کر زندگیاں بسر کر رہے ہیں اور آنے والا دن کٹھن سے کٹھن ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اقتدارپرست نہیں اصول پرست قیادت ملک بچائے گی عوام بھوک سے بلک رہے ہیں جبکہ سیاستدان اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔پاکستان میں معدنیات کے ذخائر،زراعت کیلئے موزوں ترین زمین،ہرطرح کے موسم، وسائل اورباصلاحیت عوام پاکستان کیلئے قدرت کاخاص انعام ہے مگر قائداعظم کی وفات کے بعد بدقسمتی سے عوام کو حقیقی قیادت میسر نہیں آئی۔۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کادکھ درد ایلیٹ کلاس والے نہیں صرف کوئی عام آدمی ہی سمجھ سکتا اوران کامداوا کرسکتا ہے۔