نیشنل سٹیڈیم کراچی‘پچز کی تیاری کیلئے مٹی پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل سٹیڈیم کراچی کی پِچز کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے، نندی پور کی مٹی سٹیڈیم پہنچ گئی ہے جبکہ ایک وکٹ پر مکمل آسٹریلین مٹی ڈالی جائے گی۔پی سی بی کے تحت ملک میں مختلف کرکٹ گراؤنڈز کی پِچز کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی13پِچز پرکام تیزی سے جاری ہے جس کیلئے بھاری مقدار میں نندی پور کی مٹی نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئی ہے۔ وکٹوں پر برمودہ ڈھاکہ گراس اور دیسی گراس بھی لگائی جارہی ہے، پِچز کی سطحی مٹی ناکارہ ہوچکی تھی جس کو نکال دیا گیا ہے۔نیشنل سٹیڈیم کے ہیڈ کیوریٹر نثار احمد کے مطابق سٹیڈیم کی وکٹ نمبر تین کو مکمل خالی کرکے اس پر آسٹریلین مٹی ڈالی جائیگی، آسٹریلیا کی یہ مٹی چند ہفتوں میں کراچی پہنچ جائیگی جبکہ وکٹ نمبر چار کو پی سی بی کی ریسرچ کردہ نئی مٹی سے تیار کیا جائیگا ، بقیہ 11پِچز پر نندی پور کی مٹی ڈالی جائیگی۔