ڈالر کی قیمت 194 روپے سے تجاوز کر گئی‘ سونا 700 روپے تولہ سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ مسلسل بدترین گراوٹ کا شکار ہے۔ جمعہ کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 193روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی جبکہ اوپن مارکیٹ میںڈالر کی قدر 194روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 191.60روپے سے بڑھ کر 192.50روپے اور قیمت فروخت 192روپے سے بڑھ کر 193روپے ہو گیا۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 1.50روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 191روپے سے بڑھ کر 193.50روپے اور قیمت فروخت 192روپے سے بڑھ کر 194.50روپے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 1.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 198رپے سے بڑھ کر 199روپے اور قیمت فروخت 200.50روپے سے بڑھ کر 202روپے ہو گئی۔ جبکہ1.40روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 232.60روپے سے بڑھ کر 234روپے اور 50پیسے کے اضافے سے قیمت فروخت 237.50روپے سے بڑھ کر 238روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ 50 پیسے مہنگا ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 194 روپے پر فروخت ہوا۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ روز 700 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونا ایک لاکھ 35 ہزار 300 روپے کا ہو گیا ہے۔ 10 گرام سونے کی قدر 600 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 998 روپے ہے جبکہ عالمی سطح پر سونے کی قدر 28 ڈالر کم ہو کر 1818 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔