• news

مہنگائی کی شرح 15.85فیصد تک جا پہنچی ، 28اشیاء کی قیمتی بڑھ گئیں 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) گذشتہ ایک ہفتے میں سالانہ بنیادوں پر  مہنگائی کی شرح 15اعشاریہ 85 فیصد تک پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں 28 اشیاء  ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں حالیہ ہفتے چھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی جب کہ سترہ اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے میں سب سے زیادہ یعنی 41.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چکن کی قیمت میں بھی 12.13 فیصد اضافہ ہوا جب کہ آلو کی قیمت میں 7.04 فیصد، انڈوں میں 5.08 فیصد اور مسور کی دال کی قیمت میں 4.79 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ماش کی دال، مٹن گوشت، سگریٹ اور ماچس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹماٹر، کیلے، چینی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو گزشتہ ہفتے کے دوران پچھلے سال کی نسبت پیاز، ٹماٹر، لہسن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں گزشتہ ہفتے کمی آئی لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے۔


ای پیپر-دی نیشن