• news

حیدرآباد میں رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، کلو ر کوٹ کے قریب ڈرائیور نے بلاول ایکسپریش کو بچا لیا 


اسلام آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی، سٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے قریب رحمن بابا ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا جس کے باعث اس کی انجن سمیت 6 بو گیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ دوسری طرف کلورکوٹ کے قریب بلال ایکسپریس بڑے حادثے سے اس وقت بچ گئی جب گرمی کے باعث ٹریک کے ٹیڑھا ہونے کا احساس ہوتے ہی حاضر دماغ ڈرائیور نے گاڑی روک لی۔ ذرائع کے مطابق پشاور سے کراچی آنے والی رحمان بابا ایکسپریس بولاری اور میٹنگ سٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ دوسری جانب ترجمان ایدھی کا بتانا ہے کہ رحمان بابا ٹرین حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور قریب ترین کوٹری تعلقہ ہسپتال میں بھی حادثے کا کوئی زخمی نہیں لایا گیا۔ حادثہ کی تحقیقات کیلئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 24 گھنٹے میں رپورٹ دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ وزیر ریلوے ٹرین حادثے کی لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ لیتے رہے۔ ملتان سے براستہ کندیاں راولپنڈی جانے والی مسافر ٹرین بلال ایکسپریس 129 UP  بھیانک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ٹرین ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرین میں سوار 900 کے قریب مسافروں کی جان بچا لی۔ کلورکوٹ کے قریب شدید گرمی کی وجہ سے ریلوے ٹریک ٹیڑھا ہوچکا تھا جس پر سے ٹرین گزرنے سے کوئی بھی ناخوشگوار اور جان لیوا حادثہ رونما ہوسکتا تھا لیکن ریل مسافر گاڑی کے ڈرائیو طارق اقبال لوکو شیڈ کندیاں نے حاضر دماغی سے لائن میں گڑ بڑ کو بھانپتے ہوئے ٹرین کو روک لیا اور ٹرین ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی جس پر ریلوے مزدور یونین کے رہنما ملک شیر افضل کندی نے ٹرین ڈرائیور طارق اقبال کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن