گو جرانوالہ: عرس سے آتے 2وینوں کی ڈمپر سے ٹکرا ، ایک خاندان کے 12افراد جاں بحق ، 8زخمی
گوجرانوالہ+ نوشہرہ ورکاں+قلعہ دیدارسنگھ +شیخوپورہ(نامہ نگار+ نمائندگان خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت) عرس سے واپس جانے والی دو مسافر وینز اور ڈمپر میں تصادم کے باعث ایک خاندان کی ایک بچی اور 6 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 8مسافر زخمی ہو گئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ کے قریب کوٹ لدھا میں ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شیخوپورہ میں ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ادھر تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ پراناجالندھر بائی پاس کے قریب آئل ٹینکر اور موٹرسائیکل رکشہ کے تصادم میں 3 بہن بھائیوں سمیت 5 افرادجاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ڈجکوٹ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے جبکہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر سواں والا پل داؤد خیل کے قریب کار اور ٹریلر میں تصادم کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق سرگودھا عرس سے واپس گوجرانوالہ جبکہ ڈمپر گوجرانوالہ سے حافظ آباد جا رہا تھا، حافظ آباد روڈ پر تھانہ کوٹ لدھاکے قریب دونوں مسافر وینز اور ڈمپرکا تیز رفتاری کی وجہ سے تصادم ہو گیا جس میں محمد اسلم ولد محمد شریف سکنہ گل روڈ گوجرانوالہ، گلزاراحمد ولد فقیر محمد قوم چندھڑ سکنہ عالم چوک، الیاس ولدغلام محمد قوم چندھڑ سکنہ عالم چوک، حورحین فاطمہ دختر سہیل، منور بی بی زوجہ محمد یوسف، آسیہ بی بی زوجہ محمد آصف، ڈرائیور حاجی عرفان، عاصمہ بی بی زوجہ شہزاد، خالد ہ بی بی زوجہ محمد سہیل، فوزیہ بی بی دخترمحمد یونس، حلیمہ بی بی زوجہ محمد اسلم، قرین فاطمہ دخترسہیل احمد قوم بھٹی ساکنائے رحمان پورہ عالم چوک گرجاکھ گوجرانوالہ موقع پر ہی انتقال کر گئے جبکہ محمد ارشد ولدمحمد یوسف، عادل ولد گلزار، محمد منشا ولدمختار، ناصر ولداسلم، عابدہ بی بی زوجہ محمد شہباز، ریحانہ بی بی زوجہ محمد امین اقوام بھٹی ساکنائے رحمان پورہ عالم چوک گرجاکھ شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے حافظ آباد اور گوجرانوالہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں چند کی حالت تشویشناک ، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے ہیں جن میں 9 افراد کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقہ رحمن پورہ گرجاکھ سے تھاجو دربار پیر سید فیصل علی شاہ چک نمبر95 سلانوالی روڈ سرگودھا سے گیارہویں شریف کے ختم سے واپس آرہے تھے ۔ حادثے کے وقت مسافر وین میں 28 افراد سوار تھے۔ ادھر وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں خواتین سمیت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر گوجرانوالہ اور آرپی اوگوجرانوالہ سے حادثے کے بارے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ دار کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق 12 افراد کی میتیں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، نمازجنازہ میں مختلف مکاتب فکر کے افراد اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ موٹروے کے قریب موضع ورن میں مزدا اور ٹرالے میںٹکر کے باعث مزدا میں سوار دو افراد وسیم اور یامین جاں بحق ہو گئے۔