نواز شریف سے پہلے ضرور آئیں گے ، قا نون میں گنجائش موجود : اعظم نزیر تارڑ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے ضرور واپس وطن آئیں گے۔ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ الیکشن کمشن کہہ چکا ہے کہ نئے الیکشن کرانے کیلئے چھ سات ماہ درکار ہوں گے۔ اتحادیوں کی مشاورت کے بغیر جلد انتخابات کا اعلان نہیں کریں گے۔ وہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پیغام ہے کہ چاہے جتنے بھی جھوٹے مقدمے ہوں وہ انکا قانونی طور پر دفاع کریں گے اور میرٹ پر سرخرو ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خزانے کی اچھی صورت حال نہیں ہے لیکن عالمی طور جلد اچھی خبر ملے گی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمن چوہدری، صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل رمضان چوہدری، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار طاہر نصر اللہ وڑائچ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، سیکرٹری سپریم کورٹ بار وسیم ممتاز ملک سمیت بار کے موجودہ و سابق عہدے داروں کے علاوہ بار کے وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس کی خبریں میڈیا میں چلیں ہیں جن میں حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں وفاقی عدالتیں پھیلی ہوئی ہیں ان 30 عدالتوں کو اکٹھا کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جون میں اس کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ وکلاء کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر 30 جون سے پہلے مل جائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ان کی پہلی و آخری جماعت کالا کوٹ ہے اور ان کا وقار عہدے سے نہیں بلکہ وکلاء سے ہے، ہائی کورٹ بار میرا گھر ہے۔ استقبالیہ سے صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے خطاب میں کہا کہ آئینی بحران ختم کرنے کیلئے عدلیہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ عدلیہ آئین کا تحفظ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے آئینی تبدیلیوں کے لیے جدوجہد کی۔ آج آپ کی جمہوری جدوجہد کی وجہ سے اعظم نذیر تارڑ اپنے گھر سے وزیر قانون بنے ہیں۔ وکلاء برادری عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے۔ میں عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے نظریہ ضرورت ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔ تقریب میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حفیظ الرحمن چوہدری اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اکبر ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے لاہور ہائیکورٹ بار کو دو کروڑ گرانٹ کا چیک بھی دیا اور کہا کہ ملک بھر کی دیگر بارز کو جلد مرحلہ وار گرانٹس فراہم کی جائے گی۔