• news

ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیریز ‘ پارٹنرشپ رائٹس میں 77 فیصد اضافہ


لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای نے سیزن 23-2022 میں شامل تمام مینز اور ویمنز ہوم انٹرنیشنل سیریز کے پارٹنرشپ رائٹس کی خریداری کیلئے سب سے زیادہ بولی لگا دی ہے۔ انہوں نے ان حقوق کی خریداری کیلئے گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 77 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ 12 ماہ مینز اور ویمنز انٹرنیشنل ہوم سیریز کے شیڈول کے باضابطہ اعلان کے بعد اس عرصے کیلئے ٹینڈر کھولا گیا تھا۔چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ فیصل حسنین نے کہا ہے کہ ہوم انٹرنیشنل سیریز کے پارٹنرشپ رائٹس کی بولی میں اضافے سے پاکستان کرکٹ کی مضبوط مارکیٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔وہ پی سی بی کیساتھ مضبوط کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر ٹرانس گروپ کے مشکور ہیں‘ پی سی بی کے شعبہ کمرشل، فنانس اور لیگل کی انتھک محنت کو بھی سراہتے ہیں۔ یقین ہے کہ آئندہ ہوم انٹرنیشنل سیزن ایکشن سے بھرپور ہوگا، جہاں شائقین بابر اعظم اور بسمہ معروف کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے منتظر ہیں۔ڈائریکٹر ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای راؤ عمر ہاشم خان نے کہاکہ 23-2022 کیلئے ایک مرتبہ پھر پی سی بی کیساتھ شراکت داری کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ پی سی بی اور ٹرانس گروپ کی شراکت داری بہت سٹریٹجک اور دیرپا ہے۔ رواں اور آئندہ سال پاکستان میں بھرپور کرکٹ ایکشن منعقد ہونے والا ہے جس میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے دورہ پاکستان شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن