• news

مہنگائی کیخلاف جہاد قا نون حرکت میں آئے گا تو عمران کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: حمزہ شہباز 


لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی غلط فہمی ہے کہ وہ ہم پر دباؤ ڈال سکے گا، ہم یا تو اللہ کے احکامات کا پریشر لیتے ہیں یا عوام کاپریشر لیتے ہیں۔ عمران نیازی آئین کو نہیں مانتے، عدالتی فیصلوں کو نہیں مانتے، اداروں کامذاق اڑاتے ہیں، میں خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی آپ کے خلاف باقاعدہ ثبوت موجود ہیں، جب قانون حرکت میں آئے گا تو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قانون کو حرکت میں لاکر آپ کو قانون کا احترام کاسبق سکھائیں گے، مسلم لیگ (ن) آپ کی طرح انتقام نہیں لے گی۔ وہ عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی آپ نے اپوزیشن کو ناحق جھوٹے مقدموں میں ڈالا۔ پھر میں کہتا ہوں ہم انتقام نہیں لیں گے لوڈشیڈنگ کو ہم پوری طرح کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ وہ لوڈشیڈنگ کا جن ہے جس کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا تھا اس حکومت کی چارسال کی نااہلیاں سامنے آرہی ہیں۔ ہم دن رات ایک کریں گے اورانشاء اللہ لوڈشیڈنگ اورمہنگائی کو ختم کریں گے کیونکہ ہم صرف عوام کی خدمت کی نیت سے آئے ہیں۔ سیالکوٹ میں مسیحی برادری کے گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کے جلسے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں پنجاب کی عوام کو بالخصوص یہ بتانا چاہتاہوں کہ ہماری انتظامیہ نے تین گھنٹے رات کوان کے ساتھ مذاکرات کیے کیونکہ مسیحی برادری کے تحفظات ہیں کہ جس جگہ پر جلسہ ہو رہا ہے وہ نجی جگہ ہے۔ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کہاکہ آپ کسی اور جگہ جلسہ کرلیں ہم اجاز ت دے دیتے ہیں جس ہٹ دھرمی سے انہو ں نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا اوردھرنا دیا، یہی ہٹ دھرمی سیالکوٹ میں نظر آئی، عمران نیازی خون خرابہ چاہتے ہیں اور شیخ رشید خونی مارچ کی بات کرچکے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں جمہوریت پسند ہوں، میں نے جیلیں کاٹی ہیں، میری پارٹی قیادت نے جیلیں کاٹی ہیں لیکن عمران نیازی ہم تمہیں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے اور قانون کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔ پاکستان آج دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کیلئے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی روحیں ہم سب سے تقاضا کر رہی ہیں کہ سب کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ اس ملک کو بچانا ہوگا، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اورمعیشت دباؤ کا شکار ہے اور یہ سب عمران نیازی کی نااہلی کا کیا دھرا ہے، عمران نیازی کی بدتمیزی اوربد اخلاقی نے قوم میں انتشار پیدا کر دیا ہے، موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرناہوگا۔ پاکستان کے تمام ادارے قابل احترام ہیں اورپاک فوج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے، لندن میں ملک و قوم کے لئے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں، میں نے کمر کس لی ہے۔ میں خود ہر جگہ جاؤں گا اور مہنگائی کے خلاف جہاد کریں گے اور عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، عمران نیازی کے جھوٹ ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ علاوہ ازیں صوبے میں صفائی انتظامات کے حوالے سے اجلاس حمزہ شہباز نے شہروں، قصبوں اور دیہات کی پائیدار صفائی کیلئے کمشنرز سے ڈیڈلائن طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکومت نے ہمارے صاف پنجاب کا برا حال کرکے چھوڑا۔ چھوٹے شہر اور قصبے سے لے کر بڑے شہر صاف ستھرے نظر آنے چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے کو ایک بار پھر صاف ستھرا کرے گی۔ میں یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ میرے بہن بھائی گندے ماحول میں رہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ڈلیور کر کے دکھائیں، صفائی پر کمپرومائز نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ سے ایم پی اے منشاء اللہ بٹ نے ملاقات کی حمزہ شہباز نے سیالکوٹ میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ شہاب پورہ اوور ہیڈ برج کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہک عوامی اہمیت کے اس منصوبے کو بلاجواز التواء میں ڈالا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن