بھیک مانگنے امریکہ نہیں جا رہے، پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کرینگے: بلاول
اسلام آباد (نیٹ نیوز+ آئی این پی+خصوصی نامہ نگار) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کو نشانہ بنانا پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی سازش ہے، پاکستان اور چین کا رشتہ لازوال ہے جو کبھی کمزور نہیں ہوگا۔ وزیر خارجہ نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ کراچی میں گزشتہ دنوں چینی اساتذہ حملے میں مارے گئے، چینی شہری دہشتگردی کا نشانہ بنے، دہشتگردی کے واقعہ میں چینی شہریوں کی اموات پر دکھ ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، پاک چین دوستی ریاست اور عوام کی سطح پر ہے، چینی شہری ہمارے مہمان ہیں، ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، مذہب کا استعمال کر کے ہمارے شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ چینی فیملیز کے ساتھ پوری قوم اظہار افسوس کرتی ہے، پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔ دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچ بھائیوں کے حقوق کو بہانا بنا کر دہشت گردی کا واقعہ ہوا، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔ کوئی پاکستانی یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتا کہ مہمانوں کے ساتھ دہشت گردی کا واقعہ ہو، عوام نے خود دہشت گردی کو دیکھا ہے، پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام نے دہشت گردی دیکھی ہے۔ چینی اساتذہ پر حملہ پاکستان اور چین کی دوستی پر ہوا ہے، پاکستان اور چین کے عوام کی دوستی سے سب واقف ہیں، پاکستان اور چین نے ہمیشہ چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، ماضی میں ہم نے دیکھا مذہب کے نام پر شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ان دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے بھی کامیاب ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی اپنے مہمانوں پر دہشت گرد حملوں کو برداشت نہیں کرسکتا، جامعہ کراچی میں دہشت گرد حملے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دیں گے، پاکستانیوں اور چینی باشندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے انہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ کی زیر صدارت پی پی سے تعلق رکھنے والے وزراء کا اجلاس ہوا جس میں وزراء نے اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بلاول نے کہا ہے کہ عوام کو ہر صورت میں ریلیف دینا ہوگا۔ وزراء نے بلاول کو فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا اس موقع پر انہوں نے وزراء کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو خود اور اپنے دفتر تک رسائی میں تسلسل رکھیں عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہی سے دوچار کیا ہے مسائل کا فوری حل تب ممکن ہے جب عوام سے رابطہ مضبوط ہو۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے جاکر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر اہل خانہ اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے تعزیت کا اظہا ر کیا ۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دفتر خارجہ کے افسروں سے تعارفی ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خا رجہ کے مطا بق بلاول نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مربوط انداز میں وضع کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا اور فارن سروس کے افسروں کی جدید معیار سے آراستہ تربیتی پروگرامز کو فروغ دینے پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو بہت ہی مشکل حالات تھے۔ عمران خان نے جمہوریت اور آئین پر حملہ کیا، جھوٹ بولنے کا عادی ہے۔ عمران خان اداروں پر حملے کر رہا ہے۔ عمران خان کو اعتراض یہ ہے کہ مداخلت کیوں نہیں ہوئی۔ عمران نے کہا کہ مجھے کیوں نہیں بچایا یہ چاہتے تھے ہر ادارہ ٹائیگر فورس بن کر کام کرے۔ عمران خان نے جاتے جاتے معیشت پر بھی حملے کئے۔ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔ امریکہ جا رہے ہیں لیکن بھیک مانگنے نہیں جا رہے ہم عمران خان کی طرح بھیک مانگنے ہر جگہ نہیں پہنچیں گے۔ ملکی معیشت بہتر کرنے کیلئے کاروبار پر فوکس کریں گے۔ نیویارک فوڈ سکیورٹی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کرنا ضروری ہے۔ بھیک مانگنا عمران کی پالیسی تھی ہماری نہیں، عمران خان نے حکومت میں ہوتے ہوئے ذمے داری پوری نہیں کی۔ عمران خان سسٹم میں رہ کر کردار ادا کریں۔ عمران خان آج تک شہید بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ بے نظیر بھٹو کو اس وقت کے آمر نے دھمکیاں دیں‘ شہید بی بی آمریت کے خلاف عوام کیلئے لڑ رہی تھیں۔