• news

ڈالر سونے کی قیمت  بلند ترین سطح پر سٹاک مارکیٹ 819پواینٹس گر گئی


کراچی (کامرس رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث ڈالر اور سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ 819 پوائنٹ مزید گر گئی ہے۔ انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپے 66 پیسے اضافہ ہوا ہے۔ انٹربینک میں کاروبار کی بندش پر ایک ڈالر 194 روپے 18 پیسے کا ہوگیا۔ اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ 80 پیسے مہنگا ہوکر 196.50 روپے کا ہوگیا ہے۔ ادھر سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ 36 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔ یہ پاکستان میں سونے کی اب تک کی بلند ترین قیمت ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 600 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 112 روپے ہوگئی ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 14 ڈالر کم ہوکر 1799 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 819.14 پوائنٹس کی بڑی مندی کے بعد 42667.32 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.88 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 13 کروڑ 47 لاکھ 52 ہزار 455 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔ 

ای پیپر-دی نیشن