• news

کراچی میں شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ، بلاول ، شیخ خلیفہ کی تعزیت کیلئے دورہ امارات


کراچی/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی میں اپنے بھر پور استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب عوام کی جانب سے کئے گئے استقبال کی ڈرون ویڈیو شیئر کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہم جیت کر لوٹے ہیں‘ ہم ایک پرامن‘ خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مل کر کام کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، النہیان خاندان، یو اے ای کی قیادت اور عوام سے شیخ خلیفہ بن زاید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ کی  متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میںہو نے والی ملا قات میں وزیر خارجہ نے شاہی خاندان کے دیگر افراد سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔  وزیر خارجہ نے شیخ خلیفہ کو خراج عقیدت تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم و ملک کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہیں جنہیں تاریخ میں لکھا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شیخ محمد بن زاید النہیان کو متحدہ عرب امارات کے نئے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کل 18 مئی 2022 کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی دعوت پر اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے "گلوبل فوڈ سکیورٹی کال ٹو ایکشن" پر وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کا دورہ کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس علاقائی طور پر متنوع ممالک کے گروپ کو اکٹھا کرے گا جن میں خوراک کی عدم تحفظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ وزراء کو انسانی ضروریات اور طویل المدتی ترقیاتی کوششوں پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا جو زندگیوں کو بچانے اور مستقبل کے لیے لچک پیدا کرنے کے لیے درکار ہیں۔ وزیر خارجہ 19 مئی کو امریکہ کی زیر صدارت "بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی - تنازعات اور خوراک کی حفاظت" پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثہ بھی شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن