• news

 بدعنوان عناصر کو کٹہرے میں لانے کیلئے کوشاں: چیئرمین نیب 


اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کا ایک اجلاس  ہوا۔ اجلاس گزشتہ چار سال سے زائد عرصہ کے دوران نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ نیب میں کئی نئی اصلاحات کر کے نہ صرف نیب کو فعال ادارہ بنایا گیا ہے بلکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب صدارت میں نیب ہیڈکوارٹرز میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن مسعود عالم خان اور نیب کے دیگر اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین نیب نے کہا بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے نیب بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ نیب کے آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن کے ساتھ ملکر نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مئوثر پراسیکیوشن کے باعث معزز احتساب عدالتوں نے1405 ملزمان کو سزا سنائی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اکتوبر 2017ء سے دسمبر 2021ء تک چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں نیب نے مجموعی طور پر بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 584 ارب روپے ریکور کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن