سازشی کان کا کوئی مستقبل نہیں ، عوام مشکل میں ہیں فوری ریلیف ان کا حق: حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک ہیں، حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں چیف منسٹر ریلیف پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کریں گے۔ صوبے کے عوام کیلئے آٹا اور چینی سستا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے بھائی بہن مشکل میں ہیں اور فوری ریلیف ان کا حق ہے۔ خصوصی ریلیف پیکیج سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی ہو گی اور قیمتوں میں اتنی کمی کی جائے کہ جس سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ 15 روز گزر چکے، ریلیف پیکیج کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے مانیٹرنگ کا فول پروف میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی مانیٹرنگ نظام وضع کرنے کے حوالے سے لیڈ لے اور خصوصی ریلیف پیکیج کی مانیٹرنگ کیلئے علیحدہ سیل قائم کیا جائے۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جامع روڈ میپ طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کی ویلفیئر کیلئے بھی جامع پلان تیار کیا جائے۔ میں خود 22 ماہ جیل میں رہا ہوں، جانتا ہوں کہ قیدی کس طرح دن رات گزارتے ہیں۔ جیل کی دنیا ہی الگ ہے۔ فرسودہ جیل نظام کے تحت قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے اور جیل ملازمین کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں ملاقاتیوں کی سہولت کیلئے گیٹ سے جیل تک شٹل سروس شروع کی جائے اور ایسی جیلیں جہاں گیٹ سے جیل تک ملاقات کیلئے فاصلہ زیادہ ہے، وہاں پر بھی شٹل سروس کا آغاز کیا جائے۔ متعلقہ حکام جیل نظام میں اصلاحات کیلئے ٹائم لائن کے ساتھ لائن آف ایکشن پیش کریں۔ دوسری جانب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ گجرات کے لوگوں نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ کوٹلہ، گجرات میں شدید گرمی کے باوجود کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ گجرات والوں نے میرا مان بڑھایا ہے، میں آپ کی محبتوں کا قرض نہیں چکا سکتا۔ گجرات کے مسائل حل کر کے آپ کی محبتوں کا قرض اتاروں گا۔ مسلم لیگ ن عوام کے دلوں میں بستی ہے اور دلوں پر ہی راج کرتی ہے۔ گجرات مسلم لیگ ن کا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی مسلم لیگ ن کا ہی رہے گا۔ کوٹلہ، گجرات میں عوام کا سمندر عمران نیازی کی بند آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ ’’سازشی خان‘‘ کا کوئی مستقبل نہیں۔