• news

ہر رکن مر ضی کرے تو جمہوریت کا فروغ کیسے ہو گا ، ضمیر کا مطابق انحراف کر نیوا لا بھی ڈی سیٹ: سپریم کورٹ 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے63 اے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا کہ ضمیر کے مطابق بھی کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہوگا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے بتایا کہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو لاہور میں تاخیر ہوگئی ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ کس ٹرانسپورٹ پر اسلام آباد آرہے ہیں؟ تو عامر رحمن کا کہنا تھاکہ اٹارنی جنرل موٹروے سے اسلام آباد آرہے ہیں 3 بجے تک پہنچ جائیں گے، پنجاب کے کچھ معاملات کی وجہ سے اٹارنی جنرل لاہور میں مصروف ہوگئے تھے۔ اس دوران تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہاکہ  ہم نے کبھی اعتراض نہیں کیا کہ اٹارنی جنرل آرہے ہیں یا جارہے ہیں یہ سنتے دو ہفتے ہوگئے ہیں۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کہا کہ ایسا کام نہ کریں جس سے کوئی اور تاثر ملے، اٹارنی جنرل نے پیر کو دلائل میں معاونت کرنے کی بات خود کی تھی۔ مخدوم علی خان کو بھی آج دلائل کیلئے پابند کیا تھا ابھی ہمیں اطلاع ہوئی ہے کہ مخدوم علی خان بیرون ملک سے واپس نہیں آئے۔ یہ دونوں وکلا صاحبان ایک فریق کے وکیل ہیں۔ ایک سرکار کے وکیل ہیں دوسرے سیاسی جماعت کے نجی وکیل ہیں۔ اب لگتا ہے آپ اس معاملہ میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔ ساڑھے گیارہ بجے دیگر مقدمات قربان کر کے سماعت کے لیے کیس مقرر کیا۔ تریسٹھ اے کے حوالے سے فیصلہ دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ایک انتہائی اہم ایشو ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر اٹارنی جنرل تین بجے پہنچ رہے ہیں تو چار بجے تک سن لیتے ہیں، ہم رات تاخیر تک اس مقدمہ کو سننے کے لیے تیار ہیں کیونکہ یہ خدمت کا کام ہے جوہم کرنا چاہتے ہیں، عدالت تو رات تاخیر تک بیٹھی ہوتی ہے اٹارنی جنرل کو تین بجے سن لیں گے۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے کہاکہ عدالت تو چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔ اس دوران معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کے وکیل مخدوم علی خان سترہ مئی کو واپس آجائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اٹھارہ مئی کے بعد ہوسکتا ہے یہ بینچ دستیاب نہ ہو۔ چیف جسٹس نے پھر کہاکہ پورا ہفتہ لارجر بینچ دستیاب ہے لیکن معذرت کے ساتھ مخدوم علی خان نے مایوس کیا ہے۔ مخدوم علی خان بڑے وکیل ہیں وہ  تحریری طور پر بھی دلائل دے سکتے ہیں۔ یہ کیس آئینی تشریح کا بڑا اہم مقدمہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آج ایڈووکیٹ جنرلز اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے وکیل کو سن لیتے ہیں اور اٹارنی جنرل کا بھی انتظار کریں گے ۔  بی این پی کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل تریسٹھ اے میں منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کا تمام طریقہ کار موجود ہے۔ اگر آرٹیکل تریسٹھ اے میں طریقہ کار موجود نہ ہوتا تو عدالت آرٹیکل باسٹھ، تریسٹھ کی طرف دیکھ سکتی تھی یہ ضروری نہیں ہر انحراف کسی فائدے کے لئے ہو۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین سازوں نے ڈی سیٹ کی سزا رکھی ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کہہ رہے ہیں منحرف ارکان کیلئے ڈی سیٹ کرنے کی سزا کافی ہے۔ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے ارکان سے متعلق ریفرنس مسترد کر چکا ہے۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت کے آدھے ارکان نے ایک طرف جبکہ آدھے ارکان نے دوسری طرف ووٹ دیا۔ اس سیاسی جماعت نے اپنے ارکان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ چیف جسٹس نے  کہا کہ آئین جمہوریت کو فروغ اور تحفظ  دیتا ہے اور سیاسی جماعت کو مضبوط بھی کرتا ہے۔ اکثر انحراف پر پارٹی سربراہ کاروائی نہیں کرتے۔ آئین کی افراد سے کمٹمنٹ نہیں ہے بلکہ آئین سیاسی جماعت  کو مجبور کرتا ہے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے اپنے تقاضے ہیں۔ ایک نظریاتی سیاسی جماعت ہے اس کے ارکان نے پالیسی سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ آرٹیکل تریسٹھ اے ایک سیاسی جماعت کے حقوق کا تحفظ بھی کرتا ہے اور پارٹی کے رکن کو چار چیزوں پر پالیسی کا پابند کرتا ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیاکہ اگر کوئی رکن اسمبلی کے آخری چھ ماہ میں انحراف کرتا ہے تو ایسی صورتحال میں اس رکن کو کوئی سزا تو نہ ہوئی۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ پارٹی سربراہ بھی منحرف ارکان کے خلاف کارروائی نہیں کرتے اس لئے عدالت پارٹی سربراہان کے کنڈکٹ کو بھی سامنے رکھے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ  ہو سکتا ہے منحرف رکن اپنے پارٹی سربراہ کو اپنے اقدام پر راضی کر لے۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ ہماری سیاسی جماعتوں میں اتنی جمہوریت نہیں ہے سیاسی پارٹی سربراہ کی ڈکٹیٹرشپ ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ اگر ہر رکن اپنی مرضی کرے گا تو  ملک میں جمہوریت کا فروغ کیسے ہو گا؟ کسی فرد پر فوکس کرنے کی بجائے سسٹم پر فوکس کیوں نہ کیا جائے؟ آرٹیکل تریسٹھ اے کے تحت انفرادی نہیں پارٹی کا حق ہوتا ہے توکیا دس پندرہ ارکان سارے سسٹم کو تبدیل کرسکتے ہیں؟ کیا چند افراد کو پارٹی ہائی جیک کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ مصطفی رمدے کا کہنا تھا کہ عدالت کی ابزرویشن بڑی اہم ہے۔ یہ بھی دیکھنا ہے کہ وہ انفرادی شخصیت کون ہے؟۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم سینٹ الیکشن والا عمل دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی کے موقف سے انحراف سے بہتر ہے منحرف ارکان استعفی دے دیں، استعفی دینے سے سیاسی سسٹم بھی بچ جائے گا، استعفی دینے والے کو عوام ووٹ دیں تو وہ دوبارہ آجائے گا، آئین کی تشریح کریں گے اور تشریح کیلئے معاملے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے، ضمیر کے مطابق بھی کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہوگا، اس کا مطلب ہے کہ آئین ضمیر کے مطابق ووٹ دینے والے کے اقدام کو بھی قبول نہیں کرتا، جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا آئین انحراف کی اجازت دیتا ہے؟۔ کیا یہ جائزہ لیا جاسکتا ہے کہ انحراف کس قسم کا ہے، ووٹ شمار ہوگا یا نہیں ہوگا، مصطفی رمدے کا کہنا تھاکہ  ووٹ شمار نہ کرنے کی دلیل پر سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید نے زور نہیں دیا یہ لوگ پارلیمنٹ میں آئین کو بدلنے کی بجائے اپنا وزن عدالت کے کندھوں پر ڈالنا چاہتے ہیں۔  جس پرجسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ  ہمارے کندھے اتنے کمزور نہیں ہیں ہمارے کندھے آئین پاکستان ہے۔ آئین کا تحفط اور تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے دیکھنا ہے کہ درخواست میں کس نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو کالعدم کردیتا ہے، تو چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا اس اقدام کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے؟۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ  اس کا مطلب ہے آرٹیکل تریسٹھ اے کی زبان بڑی واضح ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آرٹیکل تریسٹھ اے کی تشریح میں واقعات کو بھی دیکھنا ہوگا۔ جسٹس جمال خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دو سو ممالک میں سے 32 ملکوں میں انسداد انحراف قانون ہے اوران 32 ممالک میں صرف 6 ملکوں میں اس قانون پر عمل ہوتا ہے ان 6 ممالک میں انحراف پر ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا ہے، اگر انحراف غلط کام ہے تو آئین انحراف کی اجازت کیوں دیتا ہے؟۔ مصطفی رمدے ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ ریفرنس سیاسی مفاد کے لئے بھیجا گیا ہے آرٹیکل تریسٹھ اے سے آرٹیکل 95 کو غیر موثر نہیں کیا جاسکتا۔ چیف جسٹس نے سوال کیاکہ کیا آرٹیکل 95 کے تحت ارکان کو اپنے وزیراعظم کیخلاف ووٹ دینے کی اجازت دیتا ہے؟ آرٹیکل 95 ارکان کو پارٹی ڈسپلن سے ہٹ کر ووٹ دینے کی اجازت دیتا ہے، چیف جسٹس نے وکیل سے کہاکہ اس دلیل سے آپ نے سیاسی پارٹی کو ختم کردیا۔ اس طرح سے سیاسی پارٹی چائے (ٹی) پارٹی بن جائے گی۔ ہم بحث سے ایک بات سمجھے ہیں کہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو ختم کرسکتا ہے لیکن کیا سیاسی جماعت کا سربراہ اپنی پارٹی کے ساتھ ہوئے غلط اقدام کو معاف کرسکتا ہے؟ اگر پارٹی سربراہ رکن کے غلط کام کو معاف کردے توکیا یہ آئین کے خلاف ہو گا؟ کیا سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس دوران وکیل بابراعوان نے کہا کہ پارٹی سربراہ بھی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہوتا ہے۔ مصطفی رمدے کا کہنا تھاکہ اگر اختلاف پر ارکان استعفی دے دیں تو سسٹم تباہ نہیں ہو گا۔ جسٹس جمال خان نے کہاکہ ارکان کے انحراف سے سسٹم ختم نہیں ہوتا۔ آرٹیکل تریسٹھ اے ایک مکمل کوڈ ہے۔ چیف  جسٹس نے کہاکہ  امید کرتے ہیں مخدوم علی خان کل (منگل) پیش ہوں گے۔ اگر وہ پیش نہیں ہوتے تو تحریری دلائل دے دیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کل (منگل) صدارتی ریفرنس کی کارروائی کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اس دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے شمائل بٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل تریسٹھ اے کو آرٹیکل باسٹھ کے ساتھ ملا کر پڑھا جانا چاہئے۔ جسٹس جمال خان نے سوال کیا کہ کیا پھر بھی رکن چاہے کہ وہی وزیر اعظم رہے۔ شمائل بٹ نے کہا کہ مانتے ہیں آرٹیکل تریسٹھ اے میں طریقہ کار کے مطابق الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ فورم ہے۔ جسٹس جمال خان نے سوال کیاکہ کیا پارٹی سربراہ کی شکایت پر الیکشن کمیشن کسی رکن کے کردار کو غلط یا صحیح کہہ سکتا ہے؟۔

ای پیپر-دی نیشن