آٹا،گھی،چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کا پلان
لاہور(کامرس رپورٹر )ممبر پنجاب اسمبلی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہو۔جس میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی کی قیادت میں وفدنے شرکت کی۔گھی مینوفیکچررز نے عوام کو سستے داموں گھی کی فراہمی کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ممبر صوبائی اسمبلی سردار اویس احمدخان لغاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے آٹا،گھی،چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کا پلان بنا لیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔اشیائے ضروریہ پر سبسڈی کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گھی، آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کیلئے سیل پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ سیل پوائنٹس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے وضع کردہ نظام میں رجسٹرڈ ہوں گے اوریہ سیل پوائنٹس غریب اور پسماندہ علاقوں میں بنائے جائیں گے۔قیمت ایپ پنجاب پر سیل پوائنٹس کی لوکیشن اور فوکل پرسن کا رابطہ نمبر درج ہوگا۔اکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی نے کہا کہ حکومتی ڈیمانڈ کے مطابق سیل پوائنٹس پرمعیاری گھی کی فراہمی یقینی بنا ئیں گئے۔ ارکان پنجاب اسمبلی بلال یاسین، رمضان صدیق بھٹی، سیکرٹری صنعت وتجارت، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسروںنے اجلاس میں شرکت کی۔