سینئر بیوروکریٹس نے ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ بورڈ تحلیل کرنے کی سفارش کر دی
لاہور (فیصل ادریس بٹ سے) وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے بیوروکریسی کے تحفظات پر بنائی جانے والی سینئر بیوروکریٹس پر مشتمل کمیٹی نے اپنی ابتدائی سفارشات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ملکر وزیراعظم کو پیش کر دیں جس میں فوری طور پر سابق وزیراعظم کی جانب سے بنائے گئے ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ بورڈ کو تحلیل کیے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی سینئر بیوروکریٹس سے ملاقات کی اور بیوروکریسی میں پھیلی مایوسی کی لہر بارے دریافت کیا جس پر انہیں بریف کیا گیا کہ بیوروکریسی کے خلاف بہت انکوائریز کی گئی ہیں جس پر بیوروکریٹ کسی پراجیکٹ میں کام کرنے سے کترانے لگے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان بیوروکریسی کو اپنا غلام بنانے کے لیے ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لائے۔ بورڈ کے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن زاہد سعید کو بنایا گیا۔ بورڈ افسران کے خلاف ہونے والی شکایات انکوائریز اور کارکردگی کو بنیاد بناکر جبری ریٹائرمنٹوں کے ذریعے افسران کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا تھا لہذا اس بورڈ کو فوری تحلیل کر دیا جائے۔ ان سفارشات کی بنیاد پر بروز منگل ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رکھی جائیں گی۔ شنید ہے کہ کابینہ ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ بورڈ کو فوری تحلیل کرنے کی منظوری دے گی۔