سپریم کورٹ‘ نئی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست‘ فوری نوٹسز جاری کرنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں نئی حلقہ بندیو ں کے خلاف دائر درخواست کو نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری نوٹسز جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے تحریک انصاف کو الیکشن کمشن کی جانب سے جاری شیڈول بھی درخواست کے ساتھ لگانے کا بھی حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کی ملک میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربرا ہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے آغاز پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا نئی حلقہ بندیوں کا پلان درخواست میں لگایا گیا ہے۔ جس پر وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ درخواست میں صدر کو فریق بنانے، ہائیکورٹ نہ جانے اور سرٹیفیکیٹ لگانے کا اعتراضات تھے۔ اعتراضات کو دور کر کے ترمیم شدہ درخواست جمع کروائی گئی تھی۔ وکیل فواد چوہدری نے بات کرنے کی کوشش کی تو جسٹس منیب اختر نے روکتے ہوئے کہا ایک وکیل ہی بات کرے جس کے بعد فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آئندہ ہفتے تو بنچ دستیاب ہی نہیں ہو گا، اس سے اگلے ہفتے کیس کو دوبارہ مقرر کر دیا جائے گا جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔