ایک ماہ میں 4 غیر ملکی دورے‘ ملک کو دانستہ دیوالیہ کیا جا رہا ہے: فواد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستان کو دانستہ طور پر دیوالیہ کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ماہ میں کرائم منسٹر صاحب چار بیرون ملک دورے کر آئے۔ پاکستان میں 90 دن میں انتخابات کرائے جائیں، فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن نا کرانا الیکشن کمشنر کی صریحاً بدنیتی ہے۔ جسٹس کھوسہ نے صحیح کہا تھا قانون اگر گدھا ہے تو جج کو تو نہیں ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کر گئی تھی، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں حکومت ہی موجود نہیں۔ فواد چوہدری نے کہا پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ایک ہی تجربہ بار بار کرنا احمقانہ ہے۔ بہت تجربہ ہو چکا، شہباز کی حکومت کو گھر بھیج کر انتخابات کرائے جائیں۔ اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں، میں کہتا ہوں 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں۔ فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے عہدیداران سرکاری گاڑیاں اور گھر چھوڑنے کو کیوں تیار نہیں، جس پر فواد چوہدری نے کہا سرکاری گاڑیاں اور گھر چوروں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے، پٹرول کی قیمت کے لیے آرمی چیف کو کہنا قابلِ شرم ہے، عمران خان کی گرفتاری کے سوال پر فواد چوہدری نے کہا رانا ثناء اللہ پاگل ہی ہو گا اگر عمران خان کو گرفتار کرے، جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔