ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس کو پھر پنجاب حکومت کے کیسوں میں پیش ہونے سے روک دیا گیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) محکمہ قانون پنجاب نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو ایک بار پھر پنجاب حکومت کے کیسوں میں پیش ہونے سے روک دیا۔ احمد اویس کی جگہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد یعقوب کو ذمہ داری دے دی گئی ہے۔ محکمہ قانون پنجاب نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کی خدمات واپس لینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا محکمہ قانون بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آپ کی خدمات واپس لے چکا ہے۔ اس کے باوجود آپ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں پیش ہورہے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے عدالتوں میں آپ کو پیش نہ ہونے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ حکومت پنجاب نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد یعقوب کو ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس کی جگہ ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ دونوں نوٹیفکیشن کی کاپیاں رجسٹرار سپریم کورٹ اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کوبھی ارسال کردی گئی ہیں۔