عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی بجائے سیاسی مخالفین کو ہدف بنائیں: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے عمران خان سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں۔ ہم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس سے زیادہ ‘نیوٹریلٹی’ کیا ہو گی کہ ایک وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی اور اسٹیبلشمنٹ نے اس دوران کچھ نہیں کیا۔ پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان کے پونے چار سالہ دورِ اقتدار میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اْن کے تعلقات میں اْونچ نیچ آتی رہی اور معاملات حل بھی ہوتے رہے، سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے لیے فوری انتخابات ہوں اور صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں، پرویز الہی نے کہا کہ شہباز شریف اب کیوں بیساکھیاں تلاش کررہے ہیں، اب یہ کیوں کسی کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ حکومت کریں اور ڈلیور کر کے دکھائیں، اشیاء کی قیمتیں نیچے لے کر آئیں اور بجلی کا مسئلہ ٹھیک کریں، پاکستان کی معیشت کو اگر فوری طور پر سہارا نہ ملا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔