کوٹ لکھپت: 2 بچیاں تیز رفتار کار تلے آکر جاں بحق‘ 2 زخمی
لاہور (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) کوٹ لکھپت کے علاقے اکبر شہید روڈ پر تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ کر دو بچیاں جاں بحق اور دو زخمی ہو گئی ہیں۔ پولیس نے کار ڈرائیور قاسم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ 4 بچیاں 9 سالہ آمنہ، 7 سالہ سمیعہ، 4 سالہ نور فاطمہ اور 7 سالہ نامعلوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔ طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں مقامی رہائشی ندیم کے 4 سالہ بیٹی نور فاطمہ اور نامعلوم 7 سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس گاڑی قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت میں ٹریفک حادثہ میں 2 بچوںکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکم دیا کہ زخمی بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈرائیور کی غفلت سے معصوم بچوں کا دنیا سے چلے جانا انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔