عمران عوامی مجرم‘ معاشی تباہی اور مہنگائی پر جواب دینا پڑے گا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری پر عوامی مجرم ہیں۔ انہیں جواب دینا پڑے گا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تماشا کر کے اور جھوٹ بول کر عوام پر جو ظلم کیا، اس کے جواب سے وہ بھاگ نہیں سکتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں 2018ء میں مسلم لیگ ن اور 2022ء میں پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران ملکی ترقی کے حوالے سے اعداد و شمار کا چارٹ بھی شیئر کیا۔ اس چارٹ کے مطابق 2018ء میں ڈالر کی قیمت116 روپے سے بڑھ کر 2022ء میں 189 روپے ہو گئی۔ قومی ترقی کی رفتار6.1 فیصد سے کم ہو کر4 فیصد (متوقع )، مہنگائی 3.9 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد، غذائی مہنگائی 2.3فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد، آٹا 20 کلو 700 روپے سے بڑھ کر 1100 روپے، چینی فی کلو53 روپے سے بڑھ کر90 روپے، گھی فی کلو 151 روپے سے بڑھ کر470 روپے، بجلی فی یونٹ11 روپے سے بڑھ کر25 روپے، گیس 600 روپے ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر1400 روپے ایم ایم بی ٹی یو، یوریا بوری کی قیمت 1380 روپے سے بڑھ کر 1918 روپے میں بھی فروخت ہوئی۔ مالی خسارہ2260 ارب روپے سے بڑھ کر 5600 ارب روپے (متوقع)، تجارتی خسارہ30.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر43 ارب ڈالر، جی ڈی پی اور ٹیکس کا تناسب11.1 فیصد سے کم ہو کر9.2 فیصد، حکومتی قرضہ 1947ء سے لے کر 2018ء تک24953 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے تین سال میں 42745 ارب روپے، بے روزگاروں کی تعداد35 لاکھ سے بڑھ کر95 لاکھ ہو گئی جس میں 60 لاکھ بے روزگاروں کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رینکنگ 117 سے بڑھ کر 140 ہوئی، کرپشن میں23 فیصد اضافہ ہوا۔ چار سال میں غربت کی لکیر سے نیچے افراد کی تعداد میں2 کروڑ افراد بشمول1.3 کروڑ بچوں کا اضافہ ہوا۔