حمزہ شہباز کا دورہ مری، خلاف ضابطہ عمارتوں پر اظہار بر ہمی، انکوائری کا حکم
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے مری کا دورہ کیا اور مری میں خلاف ضابطہ عمارتوں کی تعمیر پر برہمی کا اظہار کیا اور غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے مری میں شہری سہولتو ںکا جائزہ لیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں ایمرجنسی، آئی سی یو، او پی ڈی و دیگر وارڈز کا معائنہ کیا‘ مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ بچہ وارڈ کے دورہ میں بچوں سے مصافحہ کیا۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز میں ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنانے اور عملہ بڑھانے کی ہدایت کی۔ ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا مشاہدہ کیا اور صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائے گا اور ڈائلسیز مشینوں کو بھی بحال کیا جائے گا۔ حمزہ شہباز نے بچوں کے والدین سے ان کی تعلیم اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچوں کے ساتھ باتیں کیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہسپتال کے اطراف میں بے ہنگم تجاوزات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں حمزہ شہبازکی زیرصدارت گورنمنٹ ہاؤس مری میں اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مری میں پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ واٹر ری یوز پلان سے مری میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے مری میں غیر قانونی عمارتو ںکی تعمیر کے معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے بغیر نقشے اور اتھارٹی کی اجازت کے بغیر بننے والی عمارتوں کی تفصیل طلب کر لی۔ اقبال لائبریری کی بحالی اور ایکسپریس وے کی تعمیر و مرمت کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واکنگ سٹریٹ اور پنڈی پوائنٹ کو بھی درست حالت میں بحال کیا جائے اور مری میں رابطہ سڑکوں ، سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بیوٹیفکیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ مری کے جنرل بس سٹینڈ کی بحالی کا کام جون تک مکمل کیا جائے۔ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ 4 برس کے دوران میں 600 عمارتیں تعمیر ہوئیں اور بعض عمارتیں بغیر نقشے کے بنائی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے خوشاب مندیال ٹاؤن‘ جوہر آباد میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز مال روڈ مری پہنچے تو انہیں دیکھ کر مسلم لیگ (ن) کے کارکن جمع ہو گئے۔ کارکنوں نے تالیاں بجا کر حمزہ شہباز کا والہانہ استقبال کیا۔ کارکنوں نے ’’دیکھو دیکھو کون آیا… آیا آیا شیر آیا‘‘ اور ’’ حمزہ شہباز زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا اور کارکنوں میں گھل مل گئے۔ کارکن وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی گاڑی کے ساتھ چلتے رہے۔