• news

فا ئرنگ ، سکورٹء فورسز سے جھڑپ ، 2پولیس اہلکار شہید ، ٹی ٹی پی کے 2دہشتگر د ہلاک 


لکی مروت‘ اسلام آباد (نامہ نگار + خبر نگار خصوصی) لکی مروت کے علاقے آگری خانزاد خیل ڈگر کلے کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ غزنی خیل میں تعینات کانسٹیبلز زبیر اور لطف الرحمن کی گورنمنٹ ہائی سکول جابو خیل میں قائم میٹرک امتحانی مرکز پر سکیورٹی ڈیوٹی تھی، منگل کے روز پرچہ ختم ہونے کے بعد وہ موٹر سائیکل پر تھانے جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تاجہ زئی منتقل کر دی گئیں۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 اہم اور انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 16/17مئی 2022 ء کی رات بویا میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت دہشت گرد کمانڈر رشید عرف جابر اور  عبدالسلام عرف چمٹو کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ دونوں دہشتگرد علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ای پیپر-دی نیشن