سپریم کورٹ کا شکریہ ، ن کیگ کو گا لیاں پڑ رہیں ، زرداری مزے لے رہے ہیں : عمران
کوہاٹ/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ وقائع نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کے لئے بڑی محنت کی‘ پہ پھنس گئے ہیں گالیاں ن لیگ کو پڑ رہی ہیں اور زرداری مزے لے رہا ہے۔ کوہاٹ میں تحریک انصاف کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جلسے میں لائٹیں صحیح طریقے سے نہیں لگائی گئیں۔ یہ کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جسلہ ہے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کیلئے بڑی محنت کی یہ پھنس گئے ہیں۔ ان کے پیچھے ٹائیگر ہے۔ چیری بلاسم شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا۔ شہباز شریف نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی۔ شہباز شریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بڑا اچھا فن ہے۔ امریکیوں کے بوٹ بھی پالش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ کے مقابلے میں زرداری ان پر واقعی بھاری ہے۔ آصف زرداری مہنگائی بڑھنے کا بڑے مزے لے رہا ہے۔ ایک پلان انسان‘ دوسرا پلان اللہ بناتا ہے۔ اللہ انسان کو کامیابی دیتا ہے۔ تھری سٹوجز نے بڑا ملکر پلان بنایا تھا۔ تینوں نے زور لگا کر ہماری حکومت گرائی۔ آگے سمندر اور پیچھے ٹائیگر ۔لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ، عدالت نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچا لیا۔ جلسے کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگائے تو اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے لگی ہے۔ جدھر سے امپورٹ ہوئے ادھر سے قیمتیں بڑھانے کا حکم ملا ہے۔ امپورٹڈ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ اب امریکیوں کو کہیں گے خدا کے واسطے ڈالر دو ورنہ عمران خان پھر آ جائے گا۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف بے چارہ بوٹ پالش کرکے یہاں تک پہنچا ہے لیکن سب سے زیادہ مزے میں آصف زرداری ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں امریکیوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں وہ کبھی ایسے ہی ڈالر نہیں دیتے وہ ڈالر دیں گے تو مزید غلامی کروائیں گے۔ دریں اثناء عمران خان سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شعیب شائین نے ملاقات کی ہے۔ بار کے صدر شعیب شائین نے عمران خان کو بار سے خطاب کیلئے باضابطہ طور پر دعوت نامہ پیش کیا۔ عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار سے خطاب کی دعوت خوش دلی سے قبول کر لی ہے، ہائیکورٹ بار سے ملاقات سے خوشی کا اظہار کیا ہے، عمران نے کہا کہ اصل مقصد قانون کی بالا دستی ہے۔ قانون کی حکمرانی کیلئے امیر اور غیریب کے درمیان تفریق کو ختم ہونا چاہیے، قانون کی نظر میں سب برابر ہونا چاہئے۔