• news

پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات ، جنگ بندی میں 30مئی تک تو سیع


کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات و ثقافت و طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان افغان حکومت کی ثالثی میں کابل میں مذاکرات ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے اور عارضی جنگ بندی پر اتفاق  ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے مذاکراتی عمل کیلئے نیک خواہشات اور فریقین سے مذاکرات میں رواداری اور لچک دکھانے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ شب خبر ملی تھی کہ افغانستان میں حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان ٹی پی پی کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان نے 30 کالعدم ٹی ٹی پی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ واٹس ایپ گروپ کے ذریعے میڈیا کو جاری اعلامیے کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے بتایا کہ جنگ بندی 30 مئی تک برقرار رہے گی۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسلامی امارت افغانستان کی ثالثی میں تحریک طالبان اور حکومت پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی امارت ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پشتو میں کئے گئے متعدد ٹویٹس میں بتایا کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور جنگ بندی پر رضا مندی ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن