سینئر پی ٹی آئی قیادت کی پرویزالٰہی سے ملاقات‘ پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کی سینئر لیڈرشپ کی سپیکر چوہدری پرویز الہی سے ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی اور آئندہ آئینی اور قانونی آپشنز کا مشاورت میں جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کی پنجاب ایڈوائزر ی کونسل کے سربراہ سبطین خان، ڈاکٹر مراد راس، مخدوم ہاشم جواں بخت، سید علمدار عباس مشاورت میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کی جعلی حکومت کا خاتمہ ہوچکا۔ حمزہ شہباز فوری طور پر وزیر اعلی آفس چھوڑ دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد آئندہ آئینی آپشنز پر پیش رفت کی جائے گی۔