حافظ آباد بارسمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے وکلاء آج مکمل ہڑتال کریں گے
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) ایک جج کے روئیے کیخلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آبادسمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے وکلاء آج مکمل ہڑتال کریں گے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کا ہنگامی اجلاس صدر خالدہ شاہد کی زیر صدارت ہواجس میں وکلاء نے متفقہ قرارداد پاس کرتے ہوئے کہا کہ جج ماتحت عدلیہ کو اپنے مطابق فیصلے کرنے کو کہتے ہیں اور وکلاء کے ساتھ انکا رویہ ہتک آمیز ہے۔اجلاس میں لاہورہائی کورٹ سے مطالبہ کیا گیا کہ جج کیخلاف فوری انکوائری عمل میں لاکر انہیں ملازمت سے برخاست کیا جائے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ سیشن جج کی مبینہ کرپشن اور نااہلی کے خلاف آج حافظ آباد بار سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے وکلاء مکمل ہڑتال کریں گے اور عدالتوں میں احتجاجاً پیش نہیں ہوں گے۔ اجلاس سے محمد ارشد مہند ایڈوکیٹ، سفیان بھٹی، ممبر پنجاب بار کونسل محمد فارو ق کھوکھر، ملک نزاکت علی پھلروان، امان اﷲسندھو ایڈوکیٹ، رانا مدثر، طاہر جاوید کنگ،شعیب ودیگر نے بھی خطاب کیا۔