شاندار خدمات سرانجام دینے پر فوجی افسروں‘ جوانوں‘ شہدا کے لواحقین میں اعزازات تقسیم
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) دفاع وطن کے لئے بہترین خدمات پر 144 افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین کو اعزازت سے نوازا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی کور میں فوجیوں کو اعزازات سے نوازے جانے کی تقریب چکلالہ گیریڑن میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قوم کے لیے شاندار خدمات پر فوجی افسران اور جوانوں کو 89 تمغہ امتیاز (ملٹری)، 36 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 19 تمغہ بسالت سے نوازا۔ شہدا کے لواحقین نے ان کے اعزازات وصول کیے۔کراچی میں 36 فوجی افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین میں فوجی اعزازت تقسیم کئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی کور کے تحت فوجیوں کو اعزازت سے نوازے جانے کی تقریب ملیر کینٹ کراچی میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ فوجی افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین میں تقسیم کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پر فوجی افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین کو 11 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 15 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 10 تمغہ بسالت عطا کئے گئے۔ تقریب میں اعلی عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ محمد سعید نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔