سبسڈی کیسے دی سمجھا رہا ہوں وزیر خزانہ کوسمجھ نہیں آ رہی‘شوکت ترین
کراچی (نیوز رپورٹر) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہم نے عوام کو سبسڈی کیسے دی ان کے وزیر خزانہ کو سمجھا رہا ہوں، انہیں سمجھ نہیں آ رہی۔وزیر اعظم شہباز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ عمران خان حکومت کے آخری دو سال میں جی ڈی پی ساڑھے 5 فیصد ہونا ریکارڈ ہے، یہ کہہ رہے ہیں کہ ساڑھے 3 سال بدترین معاشی کارکردگی رہی، کچھ دن پہلے اعداد و شمار جاری ہوئے گروتھ 5.97 ہے، 2004 اور 2005 کے بعد جی ڈی پی اتنی اچھی رہی، پی ٹی آئی دور میں 55 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کیے۔ شوکت ترین نے کہا کہ ایگریکلچر 4.4 فیصد گروتھ ہے جو 2004 کے بعد سب سے زیادہ ہے، پاکستان کی ایکسپورٹ 32 ملین ڈالر پر گئیں جو تاریخی ہے، 26 سال یہ حکومت میں رہے بربادی تو انہوں نے کی ہے، کورونا اور ان کی برباد حالت میں دی گئی معیشت کو ہم نے سنبھالا، ہمارے مسلسل 2 سالوں میں گروتھ ساڑھے 5 فیصد سے زیادہ رہی۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 34 سال میں سب سے زیادہ گروتھ ہمارے دور میں رہی، پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے تباہی کی ہے، ان کی غلط پالیسی کی وجہ سے 33 ارب ڈالر پھونک دیے گئے، پچھلے 2 سالوں میں شرح نمو ساڑھے 5 فیصد سے زائد رہی، ان کی حکومت میں چوتھے سال بھی شرح نمو 4.6 تھا۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں ڈالر کو زبردستی نیچے رکھا، ن لیگ کے دور میں امپورٹ سب سے زیادہ بڑھی، ان کے دور میں تیل کی قیمت 42 ڈالر تھی، ہماری حکومت نے کورونا کو بھی سہا اور برباد میشت کو بھی سنبھالا، سبسڈی کی فنڈنگ آئی ایم ایف کو سمجھ آ رہی ہے انہیں نہیں آتی، ہم نے سبسڈی کے لیے ری فنڈنگ کی ہوئی تھی۔