• news

لو ٹے کیفر کردار تک پہنچ گئے، عمران  کہیں تو آدھے گھنٹے میں اسمبلی تو ذ دونگا


لاہور، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے الیکشن کمشن کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’دیر آید درست آید! بالاخر الیکشن کمشن نے لوٹوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’جعلی وزیراعلیٰ صاحب! شیروانی واپس لٹکانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔‘ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا الیکشن کمشن کے فیصلے پر کہنا ہے کہ آج اس گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہوگیا۔ اسد عمر نے الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ  یہ لوگ پیسہ لگا کر حکومت میں آتے ہیں اور مزید پیسہ کماتے ہیں، ارکان خریدے جاتے ہیں، سینٹ کی سیٹیں خریدی جاتی ہیں۔ اس قسم کی سیاست کے خلاف جہاد عمران خان نے کیا، یہ 25 لوٹے اب ارکان اسمبلی نہیں رہے۔ اسد عمر نے کہا کہ میں ان لوٹوں پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والوں سے اظہار ہمدردی کرنا چاہتا ہوں، یہاں سیاسی پارٹیوں نے سیاست کو کاروبار کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ  اب مشوروں کا وقت ختم، نئے الیکشن کا اعلان کریں۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے فوری طور پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’آج پنجاب کی امپورٹڈ حکومت اب عملی طور پر ختم ہو چکی ہے۔‘ نام نہاد وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کوئی شرم کریں اور الیکشن کمشن کے فیصلے کے بعد فوری استعفیٰ دیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ’کوئی ایک ایسی روایت چھوڑیں جس پر انہیں کوئی تو مثبت کمنٹ دیا جا سکے۔‘ شریف خاندان بندر کی طرح چھلانگیں لگانا چھوڑے، ملک کو بحران کی دلدل میں مزید نہ پھنسائیں، استعفیٰ دیں اور ملک کو انتخابات کی طرف لے کر جائیں۔ راجہ ریاض جیسے شخص کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا تجربہ نہ کریں الیکشن کی تاریخ دی جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے الیکشن کمشن کے فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان مجھے پنجاب اسمبلی توڑنے کا حکم دیں گے تو میں آدھے گھنٹے کے اندر اندر صوبائی اسمبلی تحلیل کردوں گا۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کے آج کے تاریخ ساز فیصلے کے ملکی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے حوالے سے دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔  پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نامزد کردہ امیدوار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد اگر عمران خان مجھے پنجاب اسمبلی توڑنے کا حکم دیں گے تو میں آدھے گھنٹے کے اندر اندر صوبائی اسمبلی تحلیل کردوں گا۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان واضح طور پر ملک بھر میں الیکشن چاہتے ہیں، عمران خان پنجاب میں اپنے ممبران سے بھی استعفیٰ مانگ سکتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کو آصف زرداری نے رسیوں سے باندھ کر لکشمی چوک پر مارا ہے، عمران خان آج اعلان کریں تو کل بہادر آباد جانے کو تیار ہوں، امید ہے بہادر آباد والے پیسوں کے بغیر بھی ایک ووٹ مجھے دے دیں گے۔ کھیل ختم کریں، ملک میں نئے الیکشن کروائیں۔اسد عمر نے کہا کہ حمزہ شہباز  کے 197 ووٹ تھے ، جس  میں 25 ووٹ سپریم کورٹ کے فیصلے  کے بعد  کاؤنٹ ہی نہیں ہونے، 172 پر تو پہلے ہی آچکے تھے، فوج کا  سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے،  قومی سلامتی کا اجلاس بلاؤ اور فیصلہ کرو پیٹرول کی قیمت کیا ہوگی، یہ 22 کروڑ کا ملک دنیا کے بڑے ملکوں میں سے ایک ملک، ایٹمی طاقت رکھنے  والا،دنیا کی بڑی عسکری طاقت رکھنے والے ملکوں میں سے ایک ملک ہے، اس ملک کے ساتھ   چلنے والے بھونڈے مذاق کا ایک  دن کیلئے بھی جواز باقی نہیں رہ گیا ہے، اس مذاق کو ختم کیا جائے  آگے نکل گیاہے معیشت بیٹھ گئی ہے، سیاسی عدم استحکام اپنے عروج پر ہے ، آج کے اور  سپریم کورٹ کے  فیصلے پر کامیابی پر قوم  اور اپنی قانونی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہے دریں اثناء  فرخ حبیب نے کہا کہ آج کے فیصلے سے لوٹے کرش ہوچکے ہیں، اس موقع پر ہم مطالبہ کرتے ہیں حمزہ شہباز نے جتنے حکم نامے جاری کئے ہیں انکو واپس کیا جائے اور جو  سرکاری اخراجات کئے ہیں ان کو  بھی اس سے وصول کیا جائے انہوں نے کہا کہ میں آج عوام کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے  نیلام گھروں  اور چھانگا مانگا سیاست کے خلاف عمران خان کے  ساتھ جدوجہد کی، جس کے نتیجے  میں  پاکستان  کی سیاست میں چھانگا مانگا کی منڈیاں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگئی ہیں، آج ان  کو بھی شرم آنی چاہئے ۔

ای پیپر-دی نیشن