ملک میں بجلی فی یونٹ 4روپے5پیسے مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد(نا مہ نگار) ملک میں بجلی فی یونٹ 4روپے5پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر 59ارب45کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہو گا۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو فی یونٹ بجلی 4روپے 5پیسے مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے،یہ درخواست اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست جمع کرائی گئی ہے،نیپرا کا کہنا ہے کہ درخواست کی31مئی کو سماعت کی جائے گی، اضافے سے صارفین پر 59ارب45کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہو سکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ اتھارٹی سماعت کے بعد کرے گی۔ پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہے۔یاد رہے 10مئی کو نیپرا نے صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 57پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی، فیصلے کے اطلاق سے صارفین پر 14ارب 33کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا اور صارفین کو 3ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرناہوں گی ۔