پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیر سے بجلی ، تیل پر سبسڈی کم کرنیکی یقین دہانی کرادی
دوحہ (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیر سے پہلے بجلی اور پٹرول پر سبسڈی کم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق دوحہ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی ایک دم نہیں بلکہ قسط وار ختم ہوگی۔ بجلی بنانے والے کارخانوں کی نجکاری ہوگی۔ حکومتی ادارے بیچنے کا شیڈول بھی دے دیا گیا ہے۔ پالیسی ریٹ میں مزید اضافے پر مہلت طلب کی گئی ہے۔ پالیسی ریٹ بڑھانے سے کاروبار متاثر ہوگا۔ پاکستان نے مؤقف اپنایا ہے کہ پہلے سے ہی زیادہ پالیسی ریٹ میں مزید اضافے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے معیشت پر منفی اثر پڑے گا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملکی معیشت میں جلد بدلاؤ کی امید ظاہر کی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اپریل کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 62 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا اور اپریل کا خسارہ 9 ماہ کے اوسط خسارے کا آدھا ہے جو اچھا اشارہ ہے جب کہ یہ بیرونی استحکام کے لیے بھی بہت اچھا اشارہ ہے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی غیرملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں (ایم این سیز) سے کہا ہے کہ برآمدات کا کوئی منصوبہ پیش کریں اور انہیں ٹیکس میں چھوٹ دینے کا وعدہ کیا۔ وزیر خزانہ نے ٹوئٹر بیان میں پاکستان میں ٹیکس کی مد میں بھاری رقم ادا کرنے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ملک میں ٹیکنالوجی لانے پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مجھے پاکستان سے باہر مصنوعات برآمد کرنے کا منصوبہ پیش کریں میں اس کیلئے انہیں ٹیکس میں چھوٹ فراہم کروں گا۔