وزیر اعظم کا سولر ٹیکنا لوجی کی در آمد پر 17فیصد ٹیکس ختم کرنے کا اعلان
کراچی (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سولر ٹیکنالوجی کی درآمد پر 17 فیصد ٹیکس فوری ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاجروں، صنعتکاروں سے مسائل کے حل پر بات کرنے آیا ہوں۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اپنی بدترین بدانتظامی کے بعد لوگوں کو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے گئے، غداری کی بحث میں پڑے تو بات دور تک نکل جائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا امپورٹ پر پابندی کے بعد مقامی صنعت کی ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے مقامی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول بھی کرنا ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سعودی عرب نے ایک ارب ڈالرز سرمایہ کاری کا تحفہ دیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہیگ سے ٹیولپ روزانہ آسکتے ہیں تو سندھ کی زرعی پیداوار خلیجی ممالک کیوں نہیں بھیجی جاسکتی؟ ان کا مزید کہنا تھاکہ کوئی جادو یا چھو منتر نہیں، آگے بڑھنے کیلئے محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے سولر ٹیکنالوجی کی درآمد پر 17 فیصد ٹیکس فوری ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے صنعت کاروں سے تجاویز بھی مانگیں۔مزیدبرآں وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف ڈیڑھ ارب ڈالر پر ہیں، اس وقت روپیہ ہچکولے کھا رہا ہے، معاشی ترقی نہیں ہوگی تو بلوے ہونگے اور لوگ سڑکوں پر ہونگے، اللہ نے ہمیں نوازا ہے اس لیے سب سے پہلے ہمیں قربانی دینا ہوگی، آپ فیصلہ کرلیں کہ پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے تو بدل جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے اپنے وزیر خزانہ کو کہا کہ سولرانرجی پر جو17 فیصد سیلز ٹیکس لگا ہے اس کو فوری واپس لیں، جس پر مفتاح اسماعیل نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ آپ نے کہہ دیا بس اعلان ہوگیا۔