• news

کشمیر کو اٹو ٹ انگ کہنے پر پاکستانی قو نصلر کا بھارتی سفار تکار کو سخت جواب 


 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر عمران خان نے بھارتی سفارت کار کی جانب سے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دیئے جا نے پر سخت جواب دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر  عمران خان نے کہا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ اب اس پر ہندوستان کا کوئی حق ہے، جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے جس کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہلیان کشمیر کے پاس ہے، ہندوستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد کو تسلیم کرچکا ہے اور اب اس پر عمل درآمد ہونا ہے، بھارتی مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی سات دہائیوں سے مسلسل خلاف ورزی ہے۔انہو ں نے کہا کہ ہندوستان جموں و کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرکے وہاں کی مسلم آبادی کو ہندو آبادی کے مقابلے میں اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے، ہندوستان کے پاکستان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات دراصل خود جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کی ایک کوشش ہیں۔ تاریخ شاہد ہے کہ قابض قوتیں اپنے جبر کو درست ثابت کرنے کے لئے آزادی کی تحریکوں کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرتی رہی ہیں، یہ بات کہیں لکھ کر رکھ لیں کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو مسئلہ کشمیر کے واحد حل کی صورت میں پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن