چولستان میں سسکتی انسانیت ،انسانوں سے مدد کی طلبگار :سعد رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ چولستان میں سسکتی انسانیت دھرتی پر بسنے والے انسانوں سے مدد کی طلبگار ہے۔ انسانی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں۔ مویشیوں کی ہلاکتوں کی میڈیا پر نشاندہی پر بھی انتظامیہ نہ جاگی۔ چولستان پانی کی بوند بوند کو ترس گیا۔ چولستان میں انسانوں اور جانوروں کیلئے پینے کا پانی نایاب ہے۔ جس کے باعث چولستان میں جانور مررہے ہیں۔ چولستانیوں کی طرف سے نقل مکانی اور احتجاج شروع ہوا توانتظامیہ خواب خرگوش سے باہر آئی لیکن اس نے کو ئی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی بجائے روایاتی طرز عمل اپناتے ہوئے محض کمیٹیوں کی تشکیل پر ہی اکتفا کیا۔ حکومت کسی بڑے سانحے کا انتظار کررہی ہے۔ بروقت درست اقدامات نہ کر کے چولستانیوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔ چولستان کی عوام چور و ںاورو ڈیروں کو ووٹ دینا بند کریں۔ چولستان کے پڑھے لکھے نوجوان وڈیروں کی غلامی سے انکار اور تحریک لبیک کے پیغام کو پھیلائیں۔ امیر ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ چولستان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومت، آبی وسائل کی وزارت، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پی ٹی آئی، (ق) لیگ اور پیپلزپارٹی سب ہیں۔