• news

رائیونڈ ریلوے ملازمین کامظاہرہ ،مطالبات کے تسلیم تک کام چھوڑنے کا اعلان

رائیونڈ (نمائندہ نوائے وقت) ملک کی دوسری بڑی ریلوے ٹریک ورکشاپ کے سینکڑوں ملازمین نے ریل کاپ انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرصہ 20 سال سے کام کررہے ہیں لیکن ہمیں مستقل نہیں کیا جارہا۔ ہماری تمام الاؤنسز بند کردئیے گئے ہیں۔ متعدد مزدور جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ آگ میں کام کرنیوالے سینکڑوں ملازمین اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔ ہاتھ اور ٹانگیں ضائع کروا چکے ہیں لیکن ریل کاپ کی چیرہ دستیاں عروج پر ہیں۔ ریل کاپ انتظامیہ کے ظلم وستم کی انتہایہاں تک پہنچ چکی ہے کہ حادثے کا شکار ہونیوالے مزدوروں کی چھٹیاں تک منسوخ کرکے انکی تنخواہیں کاٹ لی گئی ہیں۔ مزدوروں نے وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعدرفیق سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ہمیں مستقل کیا جائے اور تمام الاؤنسز بحال کئے جائیں۔ مزدوروں نے تمام مطالبات پورے نہ ہونے تک کام چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن