• news

پاکستان کو امریکہ سے ہر سطح پر رابطے رکھنا ہونگے، بلاول چین پہنچ گئے


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی71 ویں سالگرہ کی مناسبت سے دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں ۔ دورے کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ موجود ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ وسیع مشاورت کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فلیگ شپ پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہوگی، دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہے۔ دریں اثنا امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کو امریکہ سے ہر سطح پر رابطے رکھنا ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات مثبت، نتیجہ خیز اور حوصلہ افزا رہی، وقت آگیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کو وسیع تر، گہرے اور زیادہ بامعنیٰ بنایا جائے۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو افغانستان پر ماضی کی کشیدگی سے آگے بڑھنا چاہیے، افغانستان کے انسانی بحران اورتباہ حال معیشت سے فوری طورپرنمٹنے کی ضرورت ہے، افغان معیشت کی مکمل تباہی افغانوں، پاکستان اورعالمی برادری کیلئے تباہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، تقسیم اور پولرائزیشن کی سیاست کے خلاف ہوں۔ والدہ بینظیر بھٹو، نانا ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کی اہم شخصیت ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن