• news

یاسین ملک کی بیٹی کی روداد نے رلا دیا‘ دنیا میں احتجاج کریں گے: وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی حریت رہنماء یسٰین ملک کی اہلیہ کے گھر آمد ، اہلیہ مشعال ملک اور بیٹی رضیہ سلطانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس  کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا ہندوستانی حکومت کی جانب سے ممتاز کشمیری رہنماء یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات کی بنیاد پر متوقع غیر منصفانہ سزا کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ یاسین ملک کو کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ یاسین ملک پر ہندوستان کے یکطرفہ غیر منصفانہ فیصلے کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔ یاسین ملک پر بنائے گئے کیسز جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ ہندوستانی سرکار چنگاری سے نہ کھیلے، یاسین ملک عام آدمی نہیں، اسکی آواز دبانے کی کوشش خطے میں آگ لگا سکتا۔ چائے والا مودی یاد رکھے کہ سب سے بہترین چائے پاکستان کی ہے جس کی سب سے زیادہ مشہوری بھی ہندوستان نے ہی کی ہے۔ رضیہ سلطانہ یاسین ملک کی نہیں پاکستان اور مسلم امہ کی دختر ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے اس موقع پر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کو پیر کے روز قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے اجلاس میں بطور مہمان خاص شرکت کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان یٰسین ملک کی 10  سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ کی روداد سن کر آبدیدہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جب وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان حریت رہنماء یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر رہے تھے تو اس دوران جب مشعال ملک نے بتایا کہ ان کی بیٹی رضیہ سلطانہ دو سال کی عمر میں آخری بار اپنے والد کی گود میں بیٹھی تھی اور آج رضیہ کی عمر دس سال ہو چکی ہے۔ رضیہ سلطانہ کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ ایک حریت پسند لیڈر کی بیٹی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر/ مشعال

ای پیپر-دی نیشن