• news

عمرانی سازش ملک کیخلاف : حمزہ شہباز ، ن لیگ ، اتحادیوں کا وزیر اعلٰی پر اظہار اعتماد 

لاہور  (نیوز رپورٹر +خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں حمزہ شہباز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمرانی سازش ملک کے خلاف ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ نے لانگ مارچ سے نمٹنے اور حکمت عملی طے کرنے کیلئے آج اجلاس طلب کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کے اظہار کیا گیا اور اس ضمن میں قرارداد متفقہ طور پر منظورکی گئی۔ اجلاس میں پیش کردہ قرارداد میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں گورنر کی تعیناتی کو روکنے کے غیر آئینی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں سپیکر پرویزالہٰی کے خلاف عدم اعتماد کے لئے آئین میں مقرر کردہ 7 روز کی مدت پر عمل نہ کرنے کے اقدام کی بھی سخت مذمت کی گئی۔ حمزہ شہباز نے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا اعلان پاکستان کے خلاف ’’عمرانی سازش‘‘ ہے۔ عمران خان اور ان کے حواری پاکستان اور پاکستانی عوام کے خیرخواہ نہیں۔ یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں بلکہ مل کر ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے، اللہ کریم مدد کرے گا۔ کھیل تماشے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ ان کھیل تماشوں کا انجام قریب ہے۔ ہم نے کام کیا، عوام کی خدمت کی،عوام ہمارا ٹریک ریکارڈ دیکھ کر ووٹ دیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈیرہ غازی خان کی معروف سیاسی شخصیت اور سابق رکن اسمبلی خواجہ نظام المحمود نے ملاقات کی۔ خواجہ نظام المحمودنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلی حمزہ شہباز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے خواجہ نظام المحمود کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خواجہ نظام المحمود کی شمولیت سے پارٹی ڈیرہ غازی خان میں مزید مضبوط ہو گی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے امن و امان سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے پنجاب پولیس‘ سپیشل برانچ سے حکمت عملی طلب کر لی ہے جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سرگرم کارکنوں کی فہرستیں تیار کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن