• news

ایشیا ہاکی کپ آج سے شروع ، پاکستان ، بھارت افتتاحی میچ میں مد مقابل 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا ہاکی کپ آج سے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا پہلا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین آج کھیلا جائیگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے شام کھیلا جائے گا۔پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے  کہا کہ ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان پہلا میچ بھارت کیساتھ کھیلنے جارہا ہے، میچ ہمیشہ سے دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتا ہے، انشاء اللہ پاکستان ہاکی ٹیم بھرپور تیاریوں اور جذبے کیساتھ بھارت کیخلاف میدان میں اتریگی۔ قوم کی دعاؤں سے تمام کھلاڑی اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا،پول اے میںپاکستان ‘بھارت ،جاپان ، انڈونیشیا جبکہ پول بی میں ملائیشیا ،کوریا ،عمان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔پاکستان دوسرا میچ 24 مئی کو انڈونیشیا کیساتھ ،تیسرا 26 مئی کو جاپان کیساتھ کھیلے گا۔  افتتاحی روز 4 میچ کھیلے جائیں گے ۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں جاپان اور میزبان انڈونیشیا کی ٹیمیں ، پول بی کا پہلا میچ ملائیشیا اور عمان جبکہ دوسرا میچ جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔ فائنل یکم جون کو کھیلا جائیگا۔ ایشیا کپ کا آغاز 1982 میں ہوا اور پاکستان نے پہلے تینوں ٹورنامنٹ اپنے نام کئے، جنوبی کوریا کو سب سے زیادہ 4 بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، بھارت کو بھی تین بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن